لاہور 13 جون ( اے پی پی ) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی کابینہ نے پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے تاریخ میں پہلی بار 670 ارب روپے سے زائد مختص کیے ہیں ،سکول میں کھانے ،سکلز پروگرام ،آفٹر نون کلاسسز پانچ سالہ منصوبہ اور اساتذہ کی وقت پر تنخواہیں مسلم لیگ ن کی حکومت کے پہلے سو دن کے کارنامے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ سیشن کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ری آرگنائزیشن پروگرام بنایا گیا ہے جس سے سکولوں سے باہر رہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں لائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار سکول کے بچوں کو الیکٹرک بسیں لا کر دے رہے ہیں جس سے وہ سکول آسانی سے پہنچ سکیں گے اور اسی طرح بچوں کی رپورٹ کارڈ والدین کو بھیجیں گے اور ہر ماہ والدین اور اساتذہ کی میٹینگ ہوا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا کو قابو کر رہے ہیں اور اس سال کے امتحان میں بوٹی مافیا کو نکیل ڈال کر دکھائی ہے اسے مزید بہتر کرنے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کی سہولت دہلیز پر دے دی ہے ایک روپیہ ٹیکس لگائے بغیر پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ ترقیاتی بجٹ دے دیا ہے اور کم سے کم اجرت کو بھی بڑھا دیا ہے ۔انہوں کہا کہ کہاں ہیں وہ لوگ جو کہتے تھے کہ مہنگائی پر قابو نہیں پایا جا سکتا وزیر اعلیٰ پنجاب نے تین ماہ کے اندر اندر مہنگائی کا جن بوتل میں بند کر کے رکھ دیا ہے۔