بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 852 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ، تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ پیش کیا گیا،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان

16

لاہور 13 جون ( اے پی پی ) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ جب سے پنجاب اسمبلی وجود میں آئی ہے یہ بجٹ پاکستان اور پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے ۔بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 852 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو آج سے پہلے کبھی نہیں مختص کیے گئے  اور تاریخ ساز ترقیاتی بجٹ لانے کے لیے عوام پر ایک روپے کا بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجٹ سیشن کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا جس کی وجہ سے مہنگائی کم ہو گی اور عوام کے لیے آسانی پیدا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ  وزرات ٹرانسپورٹ کو اس بجٹ میں عوام 47 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ پچھلے سال اسی وزارت کا بجٹ 27 ارب روپے تھا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر میں نئی بسیں چلانے جا رہے ہیں جس کے لیے 630 نئی بسیں لیکر آ رہے ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اتنی معیاری اور اچھی ہو کہ شہریوں کو اپنی سواری کی ضرورت نا پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے بی کلاس بس سٹینڈ آپ گریڈ کرنے جارہے ہیں ان سٹینڈز پر جو بسیں چل رہی ہیں ان کے لیے بھی قوانین بنائیں ہیں جو سٹینڈرڈ کی بس ہو گی وہ ہی روڈ پر نظر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ابتدائی سو دنوں میں جو 77  منصوبے شروع کیے وہ سارے فنڈڈ ہو کر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آئے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ پنجاب کی عوام کو کوئی لارہ نہیں لگایا بلکہ جو منصوبے شروع کیے ہیں وہ اسی سال مکمل ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ 77 منصوبے اس لیے بھی تاریخی ہیں کہ اس سے پہلے کسی بھی وزیر اعلیٰ نے ایسے سپیڈ سے کام نہیں کیے ماضی کی حکومتیں دعوے کر کے چلی گئی پرفارم نہیں کر سکی پنجاب حکومت کا دعویٰ ہے کہ ہمارے پہلے تین ماہ کے اقدامات تمام صوبوں کے دس سالوں پر بھاری ہیں ۔