ملتان :وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کا شہید اسد اللہ کی رہائش گاہ پر دورہ

27

 

ملتان، 15 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ہفتہ کے روز لکی مروت میں وطن عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے شہید اسد اللہ کے گھر جا کر ان کے والد اور بھائی سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہیں وزیراعظم شہباز شریف نے شہید اسد اللہ کے گھر جانے کی ہدایت کی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف خود دورہ کرنا چاہتے تھے لیکن بجٹ کی وجہ سے نہیں آ سکے۔

 وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر نے شہید اسد اللہ کے والد کو خط بھی پیش کیا ، ریاض حسین پیرزادہ نے شہید اسد اللہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان قوم کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے سرحدوں پر قربانیاں دے رہے ہیں۔

 پیرزادہ نے کہا کہ ان کی اعلیٰ خدمات کی وجہ سے عوام رات کو سکون سے سو سکتے ہیں  جن ممالک کی مسلح افواج کمزور ہوتی ہیں وہاں کے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ان عناصر پر کڑی تنقید کی جو ملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔

 ریاض پیرزادہ نے کہا کہ شہادت بہت بڑا اعزاز ہے انہوں نے مزید کہا کہ اسد اللہ کی شہادت بھی پورے خطے کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے یہ اعزاز نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو ابھارتا اور فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے شہید کے لئے فاتحہ خوانی اور اقربا کے صبر جمیل کے لئے دعا بھی کی۔