وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی

16

 

اسکردو، 15 جون (اے پی پی):۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو یہاں مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

گلگت بلتستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم یہاں مٹی کے ان بہادر بیٹوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آئے ہیں، جنہوں نے قوم کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء جنہوں نے اپنی قوم اور ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اپنے دو روزہ دورے پر جب سکردو پہنچے تو وزیر برائے منصوبہ بندی گلگت بلتستان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے ان کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر کا دورہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تھا۔استقبال کے لیے موجود لوگوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ عوام کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہیدوں کی سرزمین ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کارگل بارڈر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع گانچھے اور اسکردو کے مختلف مقامات پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے لوگوں کے لیے کھلی کچہری بھی لگائی جس میں انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور لوگوں کو بتایا کہ ان کا دفتر ان کے لیے ہمیشہ کھلا ہے۔

اے پی پی/سدرہ/حبیب شاہ