سرگودھا،15 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی بھلوال آمد ،سانحہ بھلوال میں جاں بحق سینٹری ورکرز کے پسماندگان سے ملاقات کی اورقیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاں بحق تینوں افراد کے بچوں کے لیے 10, 10 لاکھ روپے کے چیک والدہ کے حوالے کیے۔
وزیر اعلیٰ نے دو یوم قبل بیوگان کے لیے 30 ، 30 لاکھ روپے کے چیک بھی بھجوائے تھے۔صوبائی وزیر نے بیوگان کی تنخواہیں اور دیگر واجبات جلد جاری کروانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی ملازمت کا کیس بھی جلد مکمل کروایا جائے گا،زخمی سینٹری ورکرز صحت یاب ہو کر گھر منتقل ہوگئے ، مزید ریسٹ پر بھیج دیا گیاہے۔
صوبائی وزیر نےزخمی سینٹری ورکر کے دل کے عارضہ میں مبتلا پانچ سالہ بچے کا بھی سرکاری خرچے پر علاج کروانے کا اعلان کیا،انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز تمام میونسپل کمیٹیوں میں سینٹری ورکرز کو ضروری حفاظتی سامان کی فراہمی اور استعمال یقینی بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض میں جان کی بازی ہارنے والوں کے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر مختار بھرتھ، ایم پی اے منصور سندھو، کمشنر محمد اجمل بھٹی اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان بھی موجود تھے۔