لاہور۔16جون (اے پی پی):سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن(جوڑ میلہ)کی دعائیہ تقریب اتوار کے روز یہاں منعقد ہو ئی جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اورپردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ،پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداران، متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری محمد عبداللہ، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ، بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں سمیت سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بھارت سے آئے ہوئے سکھ کمیونٹی کے لوگ اپنے مذہبی تہوار کیلئے 8جون سے پاکستان میں موجود ہیں جبکہ 17 جون کو سردار گورو بچن سنگھ کی قیادت میں سکھ یاتری واپس بھارت چلے جائیں گے۔ دعائیہ تقریب میں گورو ارجن دیو جی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں حضرت میاں میر کے گدی نشین سائیں علی رضا قادری نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب کے بعدمیڈیاسے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ حضرت میاں میر اور گورو ارجن دیو کا روحانی تعلق تھا جو کہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یاتریوں کی بھرپور مہمان نوازی کی گئی جبکہ سکھ یاتریوں نے پنجاب میں مختلف گورودواروں کا دورہ کیا اور اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی، اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہلم میں گورودوارہ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد میں بھی گورودوارہ کھولنے جا رہے ہیں ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سکھ مذہب کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آپ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہر تہوار میں دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جہاں سکھ میرج ایکٹ لاگو ہے اور یہ سکھ برادری کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز خواہاں ہیں کہ کرتار پور راہدری سے سکھ برادری بھرپور فائدہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پا کستا ن میں تما م اقلیتوں کو مکمل مذ ہبی آزادی حا صل ہے۔بھارت سے آئے سکھ یاتری سردار گورو بچن سنگھ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارا بھرپور خیال رکھا ، ہم پاکستا ن کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ گورو بچن سنگھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی دھر تی مذ ہبی لحاظ سے ہما رے لئے بہت مقدس ہے اور پاکستان آ کر ہمیں جو دلی سکون ملا ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا،ہماری دعا ہے کہ یہ سلسلہ مزید آگے بڑ ھے اور نفرتوں کی جگہ امن کو فروغ ملے۔ دعائیہ تقریب میں سکھ کمیونٹی کیلئے اعلی خدمات کے اعتراف میں صوبائی وزیر کو سروپا بھی پہنایا گیا۔
حبیب شاہ ،لاہور