لاہور۔20جون (اے پی پی): سعودی عرب سے حجاج اکرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ،جمعرات کے روز نجی ایئر لائنز کے ذریعے حج پروازPA-471 190حجاج کرام کو لے کر دوپہر اڑھائی بجے جدہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچی۔ ڈائریکٹر حج پنجاب محمد رضوان شریف،ڈپٹی ڈائریکٹر حج لاہور مجیب شاہ سمیت دیگر سول ایوی ایشن حکام نے ان کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔
اس موقع پرحاجیوں نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امورکی طرف سے دوران حج کئے گئے انتظامات قابل ستائش تھے،اس سال حاجیوں کو مناسک حج کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات بہم پہنچائیں گئیں،حاجیوں کیلئے آرام دہ سفری سہولیات،معیاری کھانے اور بہترین رہائش کا بندوبست کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت پاکستان کی جانب سے حاجیوں کی رہنمائی کیلئے جو معاونین این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کئے گئے تھے ان سے حاجیوں نے بہت استفادہ کیا ہے۔
دریں اثنا ڈائریکٹر حج پنجاب محمد رضوان شریف نے بتایا کہ حاجیوں کو سعودی عرب سے وطن واپس لانے کا آپریشن9 جولائی تک جاری رہے گا۔