سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کا اجلاس

43

اسلام آباد۔20جون  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

 سینیٹ کمیٹی نے سینیٹرز کی جانب سے اپنے اپنے حلقوں کے لیے تجویز کردہ مختلف سکیموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد قائمہ کمیٹی نے   سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے تحت سینیٹ کے اراکین کی طرف سے پیش کی گئی تمام سفارشات پلاننگ ڈویژن اور وزارت خزانہ کو بھجوانے کی سفارش کی۔ مزید برآں دیگر سینیٹرز کی تجویز کردہ متعدد سکیموں پر کمیٹی نے بحث کی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کو سفارش کی۔

 کمیٹی کو موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کی جانب سے ‘گرین پاکستان پروگرام’ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 2.12 بلین درخت لگائے گئے ہیں، وزارت کا مقصد آنے والے سالوں میں 3.29 بلین کے ہدف تک پہنچنے کا ہے۔

 کمیٹی نے پی ایس ڈی پی 2024-25 میں بیان کردہ ‘غذائیت کے پروگرام’ پر تبادلہ خیال کیا۔ عہدیداروں نے وضاحت کی کہ اس پروجیکٹ کا مقصد 36 اضلاع میں ‘رویے کی تبدیلی کی مہم’ شروع کرنا ہے جن کی شناخت ایک سروے کے ذریعے کی گئی ہے جس میں سٹنٹنگ اور دیگر غذائیت سے متعلق بیماریوں کی اعلیٰ شرح ہے۔ یہ منصوبہ اس مقصد کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر نصاب پر نظر ثانی کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔

 پلاننگ ڈویژن کے حکام نے واضح کیا کہ اس منصوبے کو گزشتہ سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا تھا لیکن ناکافی فنڈز کی وجہ سے اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ سینیٹ کمیٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور محصولات کو آگے بڑھانے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی۔

اس موقع پر سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر پونجو بھیل، سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ڈویژن کامران رحمان خان اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔