صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کی گرفتاری اور علاقے میں امن وامان کے قیام کے لئے لنڈی کوتل میں احتجاجی مظاہرہ

26

پشاور، 20جون(اے پی پی): صحافی خلیل جبران کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے اور علاقے میں امن وامان کے قیام کے لئے لنڈی کوتل بازار میں صحافیوں، سیاسی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا ۔

مظاہرے سے صحافیوں احمد نبی شینواری،  سدھیر احمد آفریدی، راحت شینواری، تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری، اے این پی کے رہنماء فضل الرحمان آفریدی، جماعت اسلامی کے رہنماء مراد حسین آفریدی، پیپلزپارٹی کے شاہ رحمان شینواری اور گل بہادرد آفریدی، قومی مشر ملک ماصل خان شینواری، جے یو آئی کے مولانا رحمت اللہ، خیبر بار ایسوسی ایشن کے ایڈووکیٹ ذوہیب شینواری ، پی ٹی ائی کے ضرب اللہ شینواری اور دولت شاہ آفریدی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیل جبران شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائیں۔

 انہوں نے کہا کہ ریاست اور سکیورٹی فورسز سمیت پولیس سلطان خیل جیسے چھوٹے علاقے میں عوام کی سکیورٹی پر مامور ہیں  لیکن چند شرپسند عناصر صحافیوں اور شہریوں کے جان و مال اور آبرو کی دشمن بنی بیٹھی ہے، وہ ریاست کے اندر ریاست بنانا چاہتی ہے لیکن ریاستی اداروں کی موجودگی میں ایسا ممکن نہ ہوگا۔  مقررین نے کہا کہ اب لنڈی کوتل میں سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کی شدید ضرورت ہے۔

 مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ خلیل جبران شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عوام کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی پر عوام کا اعتبار بنا رہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ اس واقعہ پر خاموش نہیں رہیں گے اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام لئے قومی سطح پر مضبوط اتحاد بنائیں گے آخر میں انہوں نے سپریم کورٹ کی سطح پر واقعہ کی تحقیقات کرنے اور مرحوم کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے شہید پیکیج اور بچوں کو مفت تعلیمی دینے کا بھی مطالبہ کیا۔