۔9 مئی کے واقعات ریکارڈ کا حصہ ہیں،ان سے انکار اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف

20

اسلام آباد۔ 20 جون (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف 9 مئی کے واقعات، شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی اور آئی ایم ایف کو پروگرام نہ دینے کے حوالے سے لکھے جانے والے خطوط پر قوم سے معافی مانگے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ 25-2024ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ریکارڈ کا حصہ ہیں،ان سے انکار اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے، 9 مئی بہانہ عمران خان نشانہ کی بات کرنے والے بتائیں کہ جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہائوس لاہور، میانوالی بیس اور فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ کس نے کیا؟۔

انہوں نے کہا کہ 4، 4 جماعتیں بدلنے والوں کی بجائے تحریک انصاف اپنے وفادار لوگوں کو آگے لائے، ہم نے گزشتہ حکومت کے 4 سالہ گند کو صاف کرنا ہے، معیشت کو بہتر بنانا ہے، مہنگائی میں کمی لانی ہے۔