وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صدر پی ایم ایل (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام کی ملاقات

25

لاہور 21 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر گفتگو کی۔

 ملاقات میں پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکانومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا اور ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40 فیصد سے 70 فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔

 ملاقات میں پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا۔

 ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور صدرپاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا۔ محمد نوازشریف نے کہا کہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔

 مریم نوازشریف نے کہا کہ شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی – مریم نوازشریف نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی۔

 ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری مغدام نے کہا کہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا- شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسانی محمد نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی -ایرانی سفیر  نے کہا کہ پاکستان ایران کے لئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے -انھوں نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسانی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا ایرانی سفیر نے مریم نوازشریف کو خاتون وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

ایرانی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہا ۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں اصفہان،مشہد اور لاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔