ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی زیر صدارت سینیٹ ہاؤس کمیٹی کا اجلاس

6

اسلام آباد۔24جون  (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی زیر صدارت سینیٹ ہاؤس کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ  کے مطابق  کمیٹی کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز کے لئے بجٹ مختص کرنے کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

گزشتہ تین سالوں میں پارلیمنٹ لاجز کی دیکھ بھال کے لئے سی ڈی اے کو مختص کئے گئے فنڈز کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔  کمیٹی نے آئندہ مالی سال 25۔2024  کے لئے مجوزہ بجٹ اور اس کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا۔

 سینیٹرز زرقا سہروردی تیمور، خالدہ عطیب، فلک ناز، اور حاجی ہدایت اللہ خان نے پارلیمنٹ لاجز میں درپیش کئی اہم مسائل کی طرف کمیٹی ممبران کی توجہ دلائی۔ ان مسائل میں پانی کی فلٹریشن، صفائی ستھرائی، عمومی دیکھ بھال، سیکورٹی، اور تزئین و آرائش شامل تھے۔

اجلاس کے دوران لاجز میں غیر مجاز رہائش کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان مسائل کا عملی حل نکالیں اور ہدایات پر فوری عملدرآمد کریں۔  چیئرمین سی ڈی اے نے غیر مجاز رہائشیوں کے حوالے سے کمیٹی سے رہنمائی طلب کی۔ جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے قومی اسمبلی کے حکام کے ساتھ قریبی رابطہ کاری پر زور دیا۔  پارلیمنٹ لاجز میں 8.6 بلین روپے کی لاگت سے نئے بلاک کی تعمیر پر بھی کمیٹی کو بریف کیا گیا۔

 ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے منصوبے کی سست پیش رفت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو تیز کیا جائے اور اس کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

اجلاس میں سینیٹرز خالدہ عطيب، زرقا سہروردی تیمور، حاجی ہدایت اللہ خان اور چیئرمین سی ڈی اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینیٹر فلک ناز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔