اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام 31 ویں ایشین جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ (کل) منگل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ ایونٹ مصحف سکواش کمپلیکس اور روشن خان ہال میں کھیلے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ایئرکموڈور عامر نواز نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، چیمپئن شپ میں گیارہ ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں، ان ممالک میں پاکستان سمیت ملائیشیا، بھارت، سری لنکا، ایران، مکائو، کوریا، سنگاپور، ہانگ کانگ، قطر اور جاپان شامل ہیں۔
چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے 29 جون کو ہوں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔