چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات

13

اسلام آباد،25جون(اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی  جس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ  بارے  تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے  درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں،پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون میں اضافے اور خاص طور پرتعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اہم فورمز کا حصہ رہا،  لاکھوں افغان پناہ گزینوں کو پاکستان میں پناہ دی اور ان کی تعلیم اور بہتر معیار زندگی کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اور افغان پناہ گزینوں کے لئے بہت کام کیا ہے، پاکستان سے 8 ہزار افغان پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لئے آسٹریلیا میں اہتمام کریں گے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موسمی تغیرات کے حوالے سے دنیا بھر کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے، موسمی تغیرات سے متاثرہ مماک کی صف میں پاکستان اولین مماک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موسمی تغیرات سے نمٹنے کے لئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے، گلوبل وارمنگ اور موسمی تغیرات سے نمٹنے کے لئے ہمیں اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لانا ہو گی، ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے بین الاقوامی معاہدوں  پرہم سب کو عمل پیرا ہو نا ہوگا۔

سید یوسف رضا گیلانی کا  کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک ادارہ جاتی میکنزم موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس میکنزم کو مزید موثر بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت،لائیوسٹاک، تعلیم، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر معاشی خوشحالی لا سکتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ آسٹریلیا میں پاکستانی طلبا و طالبات حصول تعلیم کے لئے کثیر تعداد میں موجود ہیں، آسٹریلیا  ان  کے لئے زیادہ سے زیادہ تعلیمی وظائف کا اہتمام کرے۔

آسٹریلین ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ  آسٹریلیامیں موجود پاکستانی کمیونٹی  وہاں  کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔