لاہور 25 جون ( اے پی پی ) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں میں ہفتہ کا دن یومیہ چھٹی کا دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیچرز کمیونٹی کی آسانی کیلئے ہفتہ کا دن بطور ویکلی آف قرار دینے کا اعلان کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ تعلیم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اساتذہ پر ورک لوڈ زیادہ ہونے کے باعث ہفتہ کے دن کی چھٹی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ہفتہ کے روز چھٹی کی وجہ سے سکولوں میں سوموار سے جمعہ تک یومیہ تدریسی اوقات کار بڑھائے جائیں گے جبکہ ہفتہ کا دن اساتذہ کی ٹریننگ، کپیسٹی بلڈنگ، لیسن پلاننگ اور دیگر متعلقہ امور کیلئے مرحلہ وار استعمال ہوا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی پروموشن کے مسائل بھی جلد حل ہونے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں ریفارمز لائی جا رہی ہیں جن کا ہنگامی بنیادوں پر اطلاق ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بہت جلد 14 ہزار اے ای اوز اور ایس ایس ای کی ریگولرلائزیش پلان بھی آ رہا ہے۔