ساہیوال،26 جون (اے پی پی): گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول ساہیوال میں سی ای اوایجوکیشن چوہدری محمد اکرام اور ڈی ای او ایجوکیشن خادم حسین موہل کی ہدایت پر عالمی یومِ انسدادِ منشیات اور غیر قانونی اسمگلنگ کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی، اساتذہ نے طلباء کو منشیات کے مضر اثرات اور ان سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف ان کی صحت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ ان کے مستقبل کو بھی تاریک بنا دیتا ہے۔
پرنسپل شاہد رامے نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے جس سے ہمیں مل کر لڑنا ہوگا۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور معاشرے میں منشیات کے استعمال کے خلاف آواز اٹھائیں اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد کریں۔
سیمینار کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس دوران طلباء نے منشیات کے استعمال کے خلاف عہد کیا کہ وہ کبھی بھی منشیات کا استعمال نہیں کریں گے اور معاشرے میں اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔