مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحد و متحرک ہو جائیں تاکہ مودی کے مکروہ عزائم کا مل کرمنہ توڑ جواب دیا جا سکے؛ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

12

اسلام آباد، 26 جون (اے پی پی): صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری متحد و متحرک ہو جائیں تاکہ مودی کے مکروہ عزائم کا مل کرمنہ توڑ جواب دیا جا سکے کیونکہ مودی مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکہ، برطانیہ، یورپ، ہانگ کانگ، چین اور دنیا بھر سے آئے ہوئے اوورسیز کشمیریوں کے نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ عنقریب لندن، پیرس یا برسلز میں ایک بڑی کانفرنس کا انعقاد  کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بڑے پیمانے پربھرپور انداز میں آواز اٹھائی جائے گی۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزادکشمیر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے  لئے آگے بڑھیں، حکومت آزادکشمیر انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی ہمیشہ خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان مضبوط و مستحکم ہو کیونکہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔