لاہور، 26جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے خود والٹن روڈ پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کی ری ماڈلنگ اور آپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا، نالے اور روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ستمبر تک والٹن روڈ کا تین رویہ کیرج وے ٹریفک کے لئے کھولنے کی ہدایت دی اور اکتوبر تک دونوں اطراف چھ رویہ اے ڈی اے نالہ والٹن روڈ کھولنے کا بھی حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سائٹ آفس میں خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔ سی او او منصور جنجوعہ نے پراجیکٹ پر وزیراعلی کو تفصیلی بریفننگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مون سون سے قبل والٹن روڈ پر عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کی ہدایت دی۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو شدید دشواری کا سا منا ہے، والٹن روڈ پرا جیکٹ کی جلد تکمیل ناگزیر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ والٹن روڈ کی جلد تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ عوام کی سہولت اور آسانی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلی کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ اے ڈی اے نالے کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، دو ڈسپوزل اسٹیشنز بھی تعمیر ہونگے۔ قینچی اور فیروز پور سے ڈی ایچ اے جانے والی ٹریفک کے لئیے اوور ہیڈ برج بھی زیر تکمیل ہے۔
خواجہ سعد رفیق ، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری۔ معاون خصوصی راشد نصر اللہ ,چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سی او او بریگیڈیئر منصور جنجوعہ, دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔