پشاور، 27جون(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے پاکستان میں تعینات نیدر لینڈ کی سفیر حینی فوکل ڈی ورائس نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کار سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور محکمہ منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں افغان مہاجرین سے متعلق امور کے علاوہ زراعت، لائیو اسٹاک، آبی وسائل، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کار کے ممکنہ مواقع پر گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ زراعت اور لائیو اسٹاک کی جدید طرز پر ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو زراعت اور لائیو اسٹاک میں پیداوار کو بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سلسلے میں نیدر لینڈ حکومت کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ان شعبوں کو جدید خطوط پر ترقی دے کر نہ صرف صوبے بلکہ ملک کی فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ بھی حل کیا جاسکے۔ صوبے میں زرعی اور ڈیری پیداوار میں اضافے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور اس مقصد کے لئے سی آر بی سی لفٹ کینال منصوبے کے علاوہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر بھی کام ہو رہا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں توانائی، معدنیات اور سیاحت کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی۔ صوبائی حکومت اپنی آمدن میں اضافے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو ترقی دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور قرضے اور گرانٹس لینے کی بجائے اپنی معیشت کو مضبوط کرنے پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کے دوران صوبائی حکومت نے وطن واپس جانے والوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا اور اس پورے مرحلے کے دوران کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے یہاں مقیم افغان نوجوانوں کو اچھی تعلیم اور ٹیکنیکل ٹریننگز دینے کے لیے تیار ہے تاکہ اپنے وطن واپس جانے کے بعد وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔
نیدر لینڈ کی سفیر حینی فوکل ڈی ورائس نے خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کی افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کو سراہا اور کہا کہ نیدر لینڈ کی حکومت زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک کار کی خواہاں ہے اور ان شعبوں میں باہمی اشتراک دونوں حکومتوں کے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔