سیالکوٹ،ریسکیو 1122کی جانب سے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کے سرکاری ہسپتالوں  میں فرضی مشق کا انعقاد

29

سیالکوٹ: 27جون (اے پی پی) ریسکیو 1122سیالکوٹ کی جانب سے  ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کے سرکاری ہسپتالوں میں تربیت و مشق کا انعقاد کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی زلزلہ، آتشزدگی سمیت قدرتی آفات و حادثات کی صورت میں ہنگامی اقدامات کےلئے یہ مشق علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ، سمبڑیال اورٹی ایچ کیو لیول ہسپتال کوٹلی لوہار۱ںمیں کی گئی جس میں ان ہسپتالوں کی انتظامیہ و ملازمین نے بھی شرکت کی۔

 ڈی ای او ایمرجنسی نوید اقبال نے بتایا کہ مشق کا مقصد ہسپتال کے عملہ، ڈاکٹرز، مریض اور لواحقین کو تربیت دینا ہے تا کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں ان عمارتوں سے محفوظ انخلا ءیقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بڑے ہسپتالوں اور اداروں میں فائر سیفٹی ٹیم اور سیفٹی آلات ہونا نہایت اہم ہے ۔ ریسکیو 1122 کے جوانوں اور رضا کاروں نے آگ لگنے کی صورت میں بلڈنگ کے اندر پھنسے لوگوں کو بچاکر باہر نکالنے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد اور قریبی ہسپتال مننقل کرنے کا عملی نمونہ پیش کیا گیا۔ ایم ایس علامہ اقبال ہسپتال ڈاکٹر سہیل انجم بٹ، فائر اینڈ سیفٹی ٹیم انچارج ڈاکٹر نعیم بٹ نے مشق کے انعقاد کو سراہا اور ریسکیو کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ مشق کا مقصد ایمرجنسی صورتحال کےلئے خود کو تیار کرنا ہے۔