نیویارک،28 جون(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اپنی کمیونٹیز کے تحفظ اور اپنی قوموں کی سلامتی کے لئے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہماری اجتماعی کاوش اورترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں یواین کوپس کے خصوصی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔وزیرداخلہ نے عالمی و علاقائی تنازعات وتشدد روکنے اور امن برقرار رکھنے کے اہم موضوع پر مدلل انداز میں روشنی ڈالی اور امن مشنز میں پاکستان کے بے مثال تعاون کا خصوصاً ذکر کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک ایسی دنیا جہاں چیلنجز سرحدوں سے بالاتر ہیں، ہمارا اتحاد اور مشترکہ عزم پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ دور حاضر میں ہمیں طاقت کے خطرات،غیر ملکی مداخلت، غلامی،نفرت انگیز نظریات،غربت، عدم مساوات،عالمی تناؤ،فوجی اتحاد، اور جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا سامنا ہے اور اجتماعی سفارتکاری کو بروئے کار لاکر تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنی دیرپا شراکت پر فخر ہے،اب تک 47 امن مشنز میں پاکستان کے 230،000 فوجی شرکت کر چکے ہیں۔ امن مشن کو ایک مجموعی “سیاسی حکمت عملی” کا حصہ ہونا چاہیے، جو تنازعات اور تشدد کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی کوشش کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خاص طور پر افریقی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ساتھ امن مشنز میں تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان امن کو مزید فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ اور اس ضمن میں دلچسپی رکھنے والی ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔