اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، پالیسی سازی میں نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے وزیراعظم یوتھ کونسل تشکیل دی جا رہی ہے، عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو ہنر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے لیپ ٹاپ دیں گے۔
پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 16ویں نیشنل یوتھ فورم سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں خواتین کو سہولیات فراہم اور بااختیار بنانے کیلئے نمایاں اقدامات کئے، طالبات میں پانچ ہزار الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ عملی زندگی میں بہترین کام کرکے ملک کا نام روشن کریں، ہم نے مسائل کے حل کیلئے خود کوشش کرنا ہے، آرٹ اور کلچر کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے، طالبات وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ پر نیشنل یوتھ کونسل میں اپنا اندراج کرائیں، ملک بھر سے 100 نوجوان منتخب کئے جائیں گے جو مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہوں گے اور یہ کونسل وزیراعظم مشاورتی کونسل کے طور پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، اس حوالہ سے رضاکار فورس تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین اپنی پریشانیاں بھول کر اپنے بچوں کو تعلیم دلوا رہے ہیں، طلبہ اپنے مقصد اور عزم پر توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیں گے، نوجوانوں کو فنی اور آئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے، پورے ملک میں دانش سکولوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، یہ نوجوان ملک کا نام روشن کریں گے۔