ٹنڈومحمدخان ،28 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ محرم الحرام میں ضلع بھر میں امن و امان کے قیام سمیت صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت سیکورٹی کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں متعلعہ افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اکرام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارگی ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں، ماتمی جلسے جلوسوں و مجالس کے دوران شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع کو فوری طور پر کنٹرول کیا جا سکے۔اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان عابد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈومحمدخان نعیم سومرو، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل ٹنڈو غلام حیدر غلام سرور بھبھرو، ڈی ایچ او ڈاکٹر صادق خواجہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان سید شاہنواز محسن شاہ بخاری، پبلک ہیلتھ ، پی پی ایچ آئی ، حیسکو و متعلقہ محکموں کے ضلعی و تحصیل کے افسران کے علاوہ تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علماء اکرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر علماء کرام نے محرم الحرام کے دوران درپیش آنے والے مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔