وفاقی محکمے اپنے اختیارات کا درست استعمال کرکے عوام کے مسائل حل کریں۔سینئر ایڈوائزر وفاقی محتسب سید انوار حیدر

15

کراچی۔ 28 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر سید انوار حیدر نے  کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ اس بات کے لئے کوشاں رہتا ہے کہ وفاقی محکمے آئین اور قانون  کے تحت دیئےگئے اختیارات کا درست استعمال کرکے عوام کے مسائل حل کریں،سول سرجن آفس میڈیکل بلزاور میڈیکل فٹنس سرٹیفیکٹس میں تاخیر کے شکایات کا ازالہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سول سرجن آفس کراچی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر سید انوار حیدر کی آمد پر ڈاکٹر محمد زرداری،ڈاکٹر پردیپ کمار اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا اور ادارے کے کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

انہوں نے سول سرجن آفس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران سے فرائض اور کارکردگی سے متعلق بھی دریافت کیا۔وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر سید انوار حیدر نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ وفاقی حکومت کے مختلف محکموں اور اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے ازالے کے لئے کوشاں ہے اور شکایات کنندگان کو کم سے کم وقت میں بغیر کسی فیس کے ریلیف فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے سول سرجن آفس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت جو اختیارات اور فرائض ہے ان کواحسن طریقے سے انجام دیں اور لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔انہوں نے کہا  کہ جہاں ہم شکایات کا جائزہ لیتے ہیں وہاں سرکاری محکموں کو درپیش مسائل اور ضروریات سے متعلق بھی آگاہی حاصل کرکے ان کے مسائل حل کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول سرجن آفس کراچی مرکزی حکومت کا اہم محکمہ ہے ،سرکاری ملازمتوں کے فٹنس اور  ہیلتھ سے متعلق دیکھ بھال اور میڈیکل کے بلز کے معاملات دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دوروں کا مقصد گوڈ گورنننس قائم کرنا ہے۔

سول سرجن آفس کے افسران سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ میڈیکل بلز کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے کہ ماہانہ یا سالانہ ایک مریض کتنی ادویات استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل بلزاور میڈیکل فٹنس سرٹیفیکٹس میں تاخیر کے شکایات ہیں ان کا ازالہ کیاجائے۔سول سرجن آفس کے ڈاکٹر محمد زرداری نے ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔