ملتان :محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ و توسیع کی مشترکہ کارروائی، جعلی زہریں و کھادیں برآمد،3ملزمان گرفتار

22

ملتان، 28 جون(اے پی پی): محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ وتوسیع کی ملتان میں مویشی منڈی کے قریب مشترکہ کارروائی۔کارروائی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ملتان الیاس رضا کلاچی کی قیادت میں کی گئی۔

پیسٹی سائیڈز انسپکٹر سید عصمت حسین بخاری و فرٹیلائز کنٹرولر اللہ رکھا نے بستی سامورانہ میں ایک جعلی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔

موقع سے تقریبا ً1کروڑ روپے مالیت کی جعلی زہریں اور 50لاکھ روپے سے مالیت کی جعلی کھادیں پکڑ ی گئیں۔موقع سے ملزمان محمد ساجد ولد،جمل، محمد کاشف ولد اللہ وسیا اور محمد عدنان ولد خادم حسین کوبھی گرفتار کر لیا گیا۔

ہزاروں کی تعداد میں مختلف کمپنیوں کے نام سے پرنٹ شدہ زرعی زہروں کے لیبل،خالی بوتلیں،پیک شدہ بوتلیں برآمد کرلی گئیں۔موقع پر سیسیونگ مشین،سیلنگ مشین وزرعی زہروں سے بھرے ٹب ودیگر سامان ، جعلی ڈی اے پی، یوریا،کین گوارا اور اگزو کھادوں کی سیکڑوں پیک شدہ بوریاں وخام مال بھی برآمد کرلیا۔تمام ترزرعی زہروں،کھادوں ودیگر مٹیریل کو قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کردیا۔

ملزمان کیخلاف مقدمہ کے اندارج کیلئے تھانہ سمش آباد میں استغاثہ دائر کردیا ہے۔موقع پر زرعی زہروں کے نمونہ جات حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں۔

 اس موقع پرڈائریکٹر پیسٹ وارننگ الیاس رضا کلاچی نے بتایا کہ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر جعلی زرعی مداخل تیار و فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔حکومت پنجاب جعلی کھادوں و زرعی زہروں کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے۔