وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اجلاس

15

اسلام آباد،29جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو کھاد کمپنیوں کی ویلیو ایڈڈ یوریا مصنوعات کو چیک کرنے کا حکم دیا ہے۔وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی  کے  اجلاس   میں یوریا کھاد کے سٹاک کی دستیابی اور قیمتوں کے تعین سے متعلق معاملات  کا جائزہ کیا گیا۔  وزیر توانائی، پیٹرولیم ڈویژن   ڈاکٹر مصدق ملک نے بھی اجلاس میں شرکت  کی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایف ایف سی، اینگرو کارپوریشن، ایگریٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین  نے پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو کھاد کمپنیوں کی ویلیو ایڈڈ یوریا مصنوعات کو چیک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یوریا کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات موصول کرنے کے لیے ٹول فری نمبرز متعارف کرانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خریف سیزن 2024 کے دوران یوریا کی دستیابی کا تخمینہ 3,394 ہزار ٹن ہے، خریف سیزن کے دوران کل یوریا کی کھپت تقریباً 3,156 ہزار ٹن متوقع ہے،  ملک میں خریف سیزن کے لیے یوریا کھاد کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ رانا تنویر  حسین نے کہا کہ مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے تمام مینوفیکچرنگ یونٹ پوری صلاحیت کے ساتھ کام کریں گے،ربیع سیزن سے ملک بھر میں قیمتوں کا متفقہ طریقہ کار نافذ کیا جائے گا، ریٹیل پرائس پورے ملک میں یکساں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے اور کمپنیاں یوریا کی قیمتوں اور ڈیلرز پر نظر رکھیں،   یوریا کی  ریٹیل پرائس سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کو بلیک لسٹ کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے  مصنوعات اور قیمتوں کی بنڈلنگ کو مجرمانہ سرگرمی قرار دینے کے لیے تجاویز طلب  کرتے ہوئے کہا کہ اسٹینڈرڈز یوریا کو دوسرے ویلیو ایڈڈ پروڈکٹ کے ساتھ جوڑنے کی اجازت  نہیں دی جا سکتی۔