لاہور 29جون(اے پی پی): محکمہ صنعت و تجارت کے زیر اہتمام تاریخی عمارتوں کی بحالی پر تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی پونچھ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔
سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بحال کی گئی تاریخی عمارتوں پر روشنی ڈالی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عمارتیں ہمارا ورثہ ہیں، انہیں محفوظ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انھوں نے کہا کہ سیکرٹری صنعت و تجارت اور ان کی ٹیم نے محکمہ کی تاریخی عمارتوں کو بحال کرکے شاندار کام کیا ہے۔ پنجاب بھر میں موجود تاریخی عمارتوں کی بحالی پر متعلقہ محکمے توجہ دیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا سیاحوں کو تاریخی اور سیاحتی مقامات بارے آگاہی فراہم کرے۔ سیاحوں کو محفوظ ماحول اور آگاہی دے کر سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز مفت کرائے جارہے ہیں۔ عالمی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے تقریب میں گجرات میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنانے کا بھی اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ فرنیچر کالج بننے سے فرنیچر انڈسٹری فروغ پائے گی اور برآمدات بڑھیں گی، پاکستان کی ترقی کیلئے ہرایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ہر ادارہ محنت سے کام کرے توپاکستان کو آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرض لینے کی ضرورت نہیں رہے گی صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ کسی بھی پروگرام سے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ انتہائی ضروری ہے۔
سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عمارات کی بحالی محکمہ آثار قدیمہ کی ہی نہیں سب کی ذمہ داری ہے، سیکرٹری صنعت و تجارت نے بتایا کہ پونچھ ہاؤس کی عمارت، شادی لال بلڈنگ، رسول یونیورسٹی اور محکمہ صنعت و تجارت کی دیگر عمارتوں کی تاریخی حیثیت بحال کی گئی ہے۔ 1928میں بننے والے ٹیکسٹائل کالج فیصل آباد کو بھی اصل حالت میں بحال کریں گے۔مختلف محکموں کے سیکریٹریز، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ،ڈی جی انڈسٹریز اور دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے تقریب میں دستکاریوں کے لگانے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا۔ دستکاروں کے فن اور ان کے فن پاروں کو سراہا۔