پنجاب اور نیویارک کی قانون ساز اسمبلیاں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان

23

لاہور، یکم جولائی( اے پی پی ) : قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مسٹر فل ریموس کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔

ملاقات میں نیویارک اور پنجاب کے درمیان سسٹر اسٹیٹ بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی امور سمیت تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان کا نیویارک اور پنجاب کو سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق قرارداد پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نیویارک اور پنجاب کو سسٹر اسٹیٹ بنانے سے متعلق قرارداد امریکی ریاست اور پاکستان کے صوبوں کے درمیان تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور نیویارک کی قانون ساز اسمبلیاں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں اور عملی کوششوں میں عالمی برادری کا شراکت دار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بہتری اور تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ قائمقام گورنر نے کہا کہ مضبوط جمہوری نظام کے قیام کے لئے پنجاب اسمبلی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مسٹر فل ریموس نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔مسٹر فل ریموس نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔

وفد میں انجیلا ریموس، الیس بروک، کرسٹیئن ماکاری، میگیل مینا، اطہر ترمذی، روساریو، ڈاکٹر اعجاز احمد، امتیاز راہی، ڈاکٹر خالد محمود، رخسانہ محمود، ڈاکٹر پرویز اقبال، طارق خان، اشفاق احمد، عامر میمن، افتخار سعید، ڈاکٹر سعدیہ طاہر، امتیاز پیرزادہ، نعیم ہارون، عمران راشد، سلیمان راشد، ہارون راشد، فراز نصیر اور نعیم اختر شامل تھے۔

اس موقع پرقائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے ڈپٹی سپیکر نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی مسٹر فل ریموس کو سوونئر بھی پیش کیا۔

ملاقات میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق، اراکین اسمبلی ذکیہ شاہنواز، اسما احتشام الحق، ملک احمد سعید، چوہدری افتخار حسین چچھڑ، عارف محمود گل موجود اسمبلی سیکرٹریریٹ سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر ٹو سپیکر اسامہ خاور گھمن، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی  اورترجمان پنجاب اسمبلی راوماجدعلی موجود تھے ۔