وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے دو روزہ دورے پر روانہ

39

اسلام آباد،02 جولائی(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہوگئے ہیں۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی شامل ہیں۔

دوشنبہ آمد پر وزیرِاعظم تاجکستان کے قومی ہیرو اسماعیل سامانی کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

وزیراعظم قصرِ ملت کا دورہ کریں گے جہاں وہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی اشتراک کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

اس تقریب کے اختتام پر وزیراعظم اور تاجک صدر مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔ تاجک صدر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں قصر نوروز میں عشائیہ بھی دیں گے۔