کھیلوں کے صحافیوں کا اصل کام فیڈریشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے ،رانا ثناءاللہ

11

اسلام آباد،02 جولائی( اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سپورٹس جرنلسٹس کا کام صرف میچز کو کوور کرنا نہیں ہے بلکہ کھیلوں کے صحافیوں کا اصل کام فیڈریشنز کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھیلوں کے صحافیوں   کے عالمی دن کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 25 کڑوڑ ہے اور صرف 4 کھلاڑیوں نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا، کوشش ہوگی کہ آئندہ پاکستان کی اولمپکس میں نمائندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت پر جب مجھے بریفنگ دی گئی تو مجھے اندازہ ہوا کہ اس شعبے میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، کرکٹ کے علاؤہ دیگر ایسوسیشنز میں بھی حالات بہت خراب ہیں۔

اولمپکس میں دنیا بھر سے سینکڑوں کھلاڑی مختلف ممالک سے شرکت کے لیے پہنچتے ہیں، افسوس کا مقام ہے پاکستان سے چند کھلاڑی ہی اولمپکس تک پہنچتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ارشد ندیم بھی اپنی ذاتی کاوش سے اولمپکس تک پہنچا۔