گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی تاجکستان کے ختلون ریجن کے گورنر سے ملاقات، تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال

11

دوشنبے، 02 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیئے تاجکستان کے ختلون ریجن کے گورنر داولت علی سید سے ملاقات کی،فیصل کریم کنڈی صوبہ کے پہلے گورنر ہیں جنہوں نے 32 سالوں میں پہلی مرتبہ تاجکستان کے نائب وزیر اعظم اور ختلون ریجن کے گورنر سے دورہ تاجکستان کے دوران اپنے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی اہم کاروباری اور حکومتی شخصیات شریک تھیں ۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تاجکستان کا ختلون ریجن افغانستان سے انتہائی قربت کے باعث پاکستان سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے۔ پشاور ،  خیبرپختونخوا اور ختلون کے تاجروں کے لیئے ان دونوں علاقوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع میسر ہیں۔

 انہوں نے گورنر ختلون اور دیگر حکام کو دعوت دی کہ وہ پشاور آئیں وہاں کی کاروباری شخصیات سے ملیں تاکہ دونوں علاقوں کے عوام کو معاشی ترقی کے مواقع بھی میسر ہوں اور سیاحت کو بھی فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ چونکہ ختلون اور خیبرپختونخوا کے درمیان صرف تین کلومیٹر افغانستان کا علاقہ ہے لہذا ہمارا مذہب، کلچر مشترک ہے اور ہم پشاور اور ختلون کو سسٹر اضلاع کا درجہ دینا چاہتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرغستان، تاجکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان بجلی کی فراہمی کے عظیم منصوبے CASA1000میں بھی ختلون ریجن شامل ہے، ایک اعشاریہ دو بلین ڈالر کا یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہوگا۔

 گورنر ختلون داولت علی سید  نے کہا کہ پاکستان کے خیبرپختونخوا صوبہ کے گورنر کے جذبات ،صوبہ میں تجارت سیاحت اور معاشی ترقی کے لیئے ان کا وژن لائق ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پہلے گورنر کو یہاں آمد پر جہاں ہم خوش آمدید کہتے ہیں وہیں ہمیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ یہ دورہ صرف ذاتی سیاحت تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے  ہماری کاروباری شخصیات کو اپنے صوبہ خیبر پختونخوا کی دعوت لائق ستائش اور اپنے وطن اور صوبہ کے ساتھ ساتھ ریجن کی ترقی کی قابل ستائش سوچ کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ہمارے ملک کا ایک اعلی سطحی وفد پشاور کا دورہ کرے گا ۔

انہوں نے اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خصوصی سووینیئر بھی پیش کیا۔