وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے

20

دوشنبہ، جولائی 2 (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ منگل کے روز  تاجکستان کے دو روزہ دورے پر جب دوشنبہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر وزیراعظم کا تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے استقبال کیا۔

 دوشنبہ ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ  کے علاوہ تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور اعلی سرکاری و سفارتی اہلکار بھی وزیرِ اعظم کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ پہنچنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوشنبہ میں اسماعیل سامانی کی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کا گلدستہ رکھا۔

اسماعیل سامانی وسط ایشیا کی تاریخ شخصیت اور تاجکستان کا قومی ہیرو ہے جس نے نویں اور دسویں صدی میں تاجکستان اور خراسان کے علاقے پر حکومت کی اور تاجک قوم کو تاریخ ساز ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔