اسلام آباد ۔2جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (DGTO) کو چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے لیے تجارتی وکالت کے کردار کو بڑھانے کے لیے زور دیا ہے اور محکمے کی جامع بحالی کے ذریعے اپنی کارکردگی بہتر بنا نے کی ہدایت دی جس کا مقصد ملک بھر میں تجارتی تنظیموں کے لیے ادارے کی حمایت کو تقویت دینا ہے ۔
مجوزہ اصلاحات میں تکنیکی فریم ورک کو اپ گریڈ کرنا، ڈیجیٹلائزیشن، انسانی وسائل کے مسائل کو حل کرنا، اور محکمہ کے بجٹ اور قانونی فریم ورک کو بہتر بنانا شامل ہے۔
آج ڈی جی ٹی او کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے ڈی جی ٹی او کے آپریشنز اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ محکمہ کو عصری تجارتی طریقوں سے ہم آہنگ کرنے اور کاروباری برادری کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ اصلاح بہت ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا “یہ ضروری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ DGTO پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے اپنی اعلیٰ ترین صلاحیت کے ساتھ کام کرے۔”
اس موقع پر وزیر تجارت نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو بھی اجاگر کیا اور اس مقصد کے حصول میں مضبوط تجارتی تنظیموں کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ڈی جی ٹی او پر زور دیا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ موجودہ نظام میں کسی بھی رکاوٹ کی نشاندہی اور ان کو دور کیا جا سکے اور اس کی اصلاح اور بہتری کے لیے وزارت کو ایک جامع تجویز پیش کی جائے۔
وفاقی وزیر کی ہدایات کے جواب میں ڈی جی ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل عثمان قریشی نے یقین دلایا کہ محکمہ مقررہ مقاصد کو پورا کرے گا اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے تفصیلی لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ اقدام موثر تجارتی پالیسیوں اور معاون میکانزم کے ذریعے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں میں ایک اہم قدم ہے۔