حکومت محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے  اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،وزیراعلی گلگت بلتستان

42

گلگت ۔2جولائی  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ حکومت محرم الحرام کے دوران امن وامان یقینی بنانے  اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز محلہ کمیٹیوں کیساتھ روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس منعقد کریں،جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مثالی امن کو یقینی بنانے کیلئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،  ماضی میں جن علاقوں میں انتشار اور بدامنی کے حوالے سے مسائل کا سامنا رہا ہے ان علاقوں میں سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں ،جلوسوں کے اختتام پر تمام شرکاء کے پرامن منتشر ہونے تک سیکورٹی انتظامات کو الرٹ رکھا جائے، سوشل میڈیا کی کڑی نگرانی کی جائے، مذہبی منافرت پھیلانے اور نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کیخلاف بلاتفریق ایف آئی آر درج کرکے قانونی گرفت میں لایا جائے،خصوصاً سرکاری ملازمین جو سوشل میڈیا کے ذریعے منافرت پھیلانے میں ملوث پائے جائیں ان کو چارج شیٹ کرکے نوکری سے فارغ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ  سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت گلگت میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال بنائیں، تمام مجالس او رجلوس کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے، نفرت انگیز تقاریر کرنے والے مقررین پر کڑی نظر رکھی جائے او رامن وامان خراب کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری برقیات، سیکرٹری صحت سمیت تمام متعلقہ محکمہ کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ جلوس اور مجالس کے روٹس کی صفائی ،بلاتعطل بجلی کی فراہمی سمیت صحت سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر انہوں نے خطہ  میں امن وامان اور بھائی چارہ  کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے  وزیر داخلہ شمس کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جس میں معاون خصوصی مولانا سرور شاہ، معاون خصوصی حسین شاہ اور سپیشل کوآرڈنیٹر شیخ ناصر زمانی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ کمیٹی صوبے کے تمام اضلاع کا دورہ کرے گی اور امن وامان کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔