ملتان، 02 جولائی(اے پی پی): ملتان ہارس مین شپ کلب اور رائل آرچرڈ کے زیراہتمام پہلی آل پاکستان رائل ٹینٹ پیجنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے قومی و بین الاقوامی گھڑ سواروں اور ماہر نیزاہ بازوں نے شرکت کی۔
بانی کلب انٹرنیشنل رائیڈر و ماہر نیزاہ باز مہر اقبال حسین چاون ، صدر انٹرنیشنل رائیڈر پلیئرز مراد عباس چاون اور نائب صدر جاوید عباس چاون کی انتھک محنت اور جی ایم رائل آرچرڈ ملک عبد الرؤف کے خصوصی تعاون سے مدینہ الاولیاء ملتان کی تاریخ میں پہلی بار یہ منفرد میگا فیملی فیسٹیول ایونٹ کامیابی سے منعقد ہوا۔ رائل آرچرڈ ملتان میں منعقد ہونیوالے اس تاریخی ایونٹ میں خواتین ، بچوں سمیت شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیمپئن شپ میں سنگل نیزاہ بازی کے مقابلوں میں خان کلب خانیوال نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ چاون برادران کی ملتان ہارس مین شپ کلب نے دوسری پوزیشن حاصل کی فوک سنگر مجاہد منصور ملنگی آف جھنگ کی ٹیم نے سیکشن نیزاہ بازی میں اول پوزیشن حاصل کی جبکہ صفدر حسین ہراج بستی مانک ہراج تلمبہ کی ٹیم نے دوسری اور سید اخلاق شاہ گیلانی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بانی کلب مہر اقبال حسین چاون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اہلیان ملتان کیلئے اس طرح کے شاندار اور کامیاب میگا سپورٹس ایونٹ منعقد کراتے رہیں گے تاکہ عوام الناس اور نوجوانوں کے درمیان صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔ تقریب کے آخر میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے –