نیویارک،03جولائی( اے پی پی):اقوم متحدہ میں پاکستان مشن میں سیکنڈ سیکریٹری ربیعہ اعجاز نے جنرل اسمبلی کے مباحثے میں بھارتی وفد کے اشتعال انگیز بیانات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا غیر قانونی الحاق کشمیری عوام کبھی قبول نہیں کریں گے، یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔
ربیعہ اعجاز نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مصیبتیں کم کرنے کے لئے کام کرے اور انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق خود ارادیت کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ وہ ملک دہشت گردی پر لیکچر دے رہا ہے جو کہ خود ریاستی دہشت گردی کا اسپانسر ہےاور عالمی سطح پر قتل کی مہمات چلا رہا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پابندیوں کے نظام کا غلط استعمال کر رہا ہے تاکہ مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث اپنے شہریوں کو فہرست میں شامل ہونے سے روکا جا سکے۔
سیکنڈ سیکرٹری نے کہا کہ بھارت اقلیتوں، بشمول عیسائی، مسلمان اور دلت، کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرتا ہے اور انہی ہندوتوا جنونیوں کے ہاتھوں روزانہ لنچنگ(lynching) کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔