وزیر اعظم  محمد شہباز شریف  شنگھائی تعاون تنظیم  اور ایس سی او پلس  سربراہی اجلاسوں  میں شرکت کے لئے  آستانہ روانہ

19

اسلام آباد،3جولائی(اے پی پی):وزیر اعظم  محمد شہباز شریف  شنگھائی تعاون تنظیم  کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے  اجلاس اور ایس سی او پلس کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے  دوشنبہ سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ روانہ ہو گئے ہیں۔

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو آستانہ، قازقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم  کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ (سی ایچ ایس ) کے  اجلاس اور ایس سی او پلس ( ایس سی او -پلس ) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ہوں گے۔

 شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہء نظر پیش کریں گے، وزیر اعظم ایس سی او -پلس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم ایس سی او خطے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔وزیراعظم سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی آج  بروزبدھ روس کے صدر  ولادی میر پوٹن ، ازبکستان کے صدر  شوکت مرزایوف سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔آج  پاکستان ،ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی بات چیت کا دورہو گا جس میں وزیر اعظم کی شرکت بھی متوقع ہے۔وزیراعظم آج شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔