جاز کا گوگل اور ٹیک ویلی کے تعاون سے ڈیجیٹل سفر پروگرام کا آغاز

14

اسلام آباد۔3جولائی  (اے پی پی):ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے گوگل اور سماجی ادارہ ٹیک ویلی کے اشتراک سے ‘‘ڈیجیٹل سفر’’  پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔   2023 میں شروع کیا جانے والا  ڈیجیٹل سفر پروگرام پاکستان کے بچوں کو گوگل کے “بی انٹرنیٹ آسم” اور “سی ایس فرسٹ” پروگرامز کے ذریعے انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تعلیم دیتا ہے۔

اس حوالے سے  ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں  وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔  معزز شرکاء میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن،جاز کے سی ای اوعامر ابراہیم، گوگل ساؤتھ ایشیا کے لئے گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی لیڈکائل گارڈنر، ٹیک ویلی کی سی ای اوعمر فاروق اور وزیر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پنجاب رانا سکندر حیات تھے۔

ڈیجیٹل سفر پہلے ہی  8 سے 14 سال کے عمرکے ایک لاکھ سے زائد طلباءوطالبات جبکہ ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت فراہم کر چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2025تک اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سکولوں سے مزید دو لاکھ طلباء اور دو ہزاراساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔  یہ کامیابی بچوں کو ضروری ڈجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ذمہ دار ڈیجیٹل شہریت کو فروغ دے گی اور پاکستان میں موجود حالیہ ڈجیٹل تفریق کو ختم کرنے میں مدد دے گی۔

ڈیجیٹل سفر کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ  ہم پاکستان میں ڈیجیٹل  تفریق کو ختم کرنے اور بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔مفت انٹرنیٹ تک رسائی اور ڈیوائسز فراہم کرکے ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر طالب علم ڈیجیٹل سفر کے وسائل سے مستفید ہوسکے اور معیاری ڈیجیٹل تعلیم حاصل کرسکے۔  یہ اقدام ہمارے نوجوانوں میں ڈیجیٹل خواندگی اور مہارتوں کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

 تقریب کے دوران ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق نے کہا کہ  ہمارا مقصد ایک ڈیجیٹل طور پر خواندہ پاکستان بنانا ہے جہاں طلباء ٹیکنالوجی کے محض صارفین سے اختراعی تخلیق کاروں کی طرف ترقی کریں۔

 ڈیجیٹل سفر کی کامیابی ان گہرے اثرات کی مثال دیتی ہے جو اسٹریٹجک تعاون سے ہو سکتا ہے۔ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم ایک نئی نسل کو فروغ دے رہے ہیں جو ڈیجیٹل دور میں ترقی کے لیے درکار مہارتوں اور علم سے لیس ہے۔ گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل سفر نوجوانوں کو ان ڈیجیٹل مہارتوں سے بااختیار بنانے کے لیے گوگل کے عزم کی مثال دیتا ہے جن کی انہیں کامیابی کے لیے ضرورت ہے۔ جاز اورٹیک ویلی کی تعاون سے ہم نہ صرف ڈیجیٹل خواندگی اور آن لائن حفاظت کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ تنقیدی سوچ رکھنے والوں اور مسئلہ حل کرنے والوں کی ایک نسل کو بھی پروان چڑھا رہے ہیں۔ گوگل کو اس اقدام کا حصہ بننے پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے، اور ہم ڈیجیٹل سفر کے مسلسل اثرات کو دیکھنے کے منتظر ہیں کیونکہ یہ پاکستان بھر میں مزید طلباء اور اساتذہ کو مستفید کرتا ہے۔انٹرنیٹ کے استعمال میں تیزی سے اضافے کے باعث پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل خواندگی بہت ضروری ہے۔ ڈیجیٹل سفر پروگرام گوگل کے ”Be Internet Awesome” کو مربوط کرکے اس مطالبے کو پورا کرتا ہے، جو ذمہ دار آن لائن طرز عمل پر زور دیتا ہے، اور ‘ Google CS First’، بنیادی کوڈنگ کی مہارتوں کو متعارف کرواتا ہے۔ اس کا جامع نصاب پاکستان میں کوڈنگ، کمپیوٹیشنل سوچ، ڈیجیٹل شہریت، اور آن لائن حفاظت پر محیط ہے۔ زبان اور وقت کی قید کے بغیر یہ پروگرام اردو وڈیو مواد کے ذریعے طلباء اور اساتذہ دونوں کو مکمل طور پر اپنی زبان اور شیڈول کے مطابق ٹریننگ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔