ملتان، 03جولائی(اے پی پی): اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے وفد نے خطیب و امام بادشاہی مسجد ‘ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان و کنوینئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں ملتان کا دورہ کیا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو اور علماء کے اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو ،ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ ،ڈپٹی کمشنر خانیوال محمد علی بخاری، ڈپٹی کمشنر لودھراں عبدالرؤف، ایس ایس پی ارسلان زاہد اور ملتان ڈویژن کے علماء کرام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شہر اولیاء سے ہمیشہ ہم امن، محبت، رواداری، اتحاد اتفاق کی بات لے کر آگے بڑھے ہیں۔ شہر اولیاء امن کا گہوارہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے یہ قافلہ رواں دواں ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ پاکستان کو جتنی آج محبت، اتفاق اور رواداری کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی، علماء نے محبت، اخوت، اتحاد و اتفاق کا پیغام دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیغام پاکستان دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف ہیں، ہم نے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے، ملک میں استحکام آئے گا تو ترقی بھی ہو گی۔
اجلاس میں علمائے کرام نے بین المسالک ہم آہنگی ، اتحاد بین المسلمین، تشدد سے پاک معاشرہ ، پیغام پاکستان کا فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیاگیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین اور “پیغام پاکستان” کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محرم الحرام میں امن کیلئے تمام علماء اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔
علماء و ذاکرین اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضا قائم رکھیں. امن کے لئےسیکورٹی اداروں اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے مدارس، مساجد اور خانقاہوں سے ہمیشہ امن و سلامتی کا پیغام جانا چاہئے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہ پر عمل کیا جائے اور لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال سے گریز کیا جائے. اجلاس میں تمام مسالک کے علماء کرام نے انتظامیہ کواپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس میں عاشورہ محرم میں انتظامات ومسائل پر بات چیت کی گئی.اجلاس میں ڈویژن بھر کے ضلعی انتظامیہ کے افسران ، علماءکرام و مشائخ نے شرکت کی۔