وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان  کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈکا 220واں اعلیٰ سطحی اجلاس

16

اسلام آباد۔04 جولائی (اے پی پی):  وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری  اور مواصلات عبدالعلیم خان  کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈکا 220واں اعلیٰ سطحی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں  پی آئی اے کی نجکاری کی پیش رفت پر تفصیلی غور و خوض، شارٹ لسٹڈ کمپنیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ  دی گئی ۔

اس موقع  پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پی آئی اے کی جلد از جلد نجکاری چاہتے ہیں،  اس میں مزید تاخیر نہ کی جائے، اداروں کی نجکاری کے لئے تمام” سٹیک ہولڈرز “کو آن بورڈ  رکھا جائے۔

عبدالعلیم خان  نے ہدایت دی کہ  پرائیویٹائزیشن کمیشن پیشکش دینے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے۔ عبدالعلیم خان  کا کہنا تھا  کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن حکومت پر انحصار کم کر کے مالی طور پر خود مختاری حاصل کرے اور مزید اداروں کی نجکاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا  کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے خزانہ، قانون، ایوی ایشن اور دیگر اداروں سے رابطے میں ہیں  نیز اداروں کی نجکاری کے لئے غیر ملکی انٹرنیشنل میڈیا میں اشتہارات بھی دئیے گئے ہیں۔

پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈکے ممبران کی 218ویں اور 219ویں اجلاس کی کارروائیوں  اور سال 2024-25کے بجٹ کی منظوری دی۔

اس کے علاوہ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں نجکاری کے لئے پیش مختلف اداروں کی پیش رفت پر غور وخوض  بھی کیا گیا ۔