وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ڈپٹی سپیکر نیو یارک سٹیٹ اسمبلی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، باہمی تجارت بڑھانے پر اتفاق

12

اسلام آباد،4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ڈپٹی سپیکر نیو یارک سٹیٹ اسمبلی فل راموس کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے پر اتفاق اور تعاون کے لیے دیگر کلیدی شعبوں پر زور دیا گیا، بشمول نیویارک اور پاکستان کے مختلف صوبوں کے درمیان سسٹر اسٹیٹ تعلقات کا قیام، جس سے تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو تقویت ملے گی۔

دونوں فریقوں نے تجارتی تعلقات کو باضابطہ اور بہتر بنانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر تبادلہ خیال کیا ۔

وزیر تجارت نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کثیر سطحی رابطوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر فل راموس نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد اور تعاون کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مضبوط بنیادوں پر عوام کے درمیان رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے وطن میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے اور حکومت سے سہولت اور تعاون چاہتے ہیں۔

وزیر تجارت نے وفد کو بتایا کہ سمر فینسی فوڈ شو 2025 ء میں پاکستانی پویلین قائم کیا جائے گا جس سے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو 70 فیصد فٹ بال پاکستان فراہم کرتا ہے۔

 وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نمایاں صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں پر مشتمل ہے ، نرسنگ اور صحت کے شعبوں میں افرادی قوت کی مناسب رہنمائی کر کے انہیں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 ملاقات میں آئی ٹی کے شعبے میں مواقع پر بھی بات کی گئی، نیویارک میں مختلف چیمبرز آف کامرس کے زیر انتظام انکیوبیٹرز میں پاکستانی سٹارٹ اپس کے لیے جگہ فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔