پاکستان پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے ،بلاول بھٹو زرداری

19

کوئٹہ۔ 05 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے ،پارلیمانی جماعتیں عوام کی خدمت کیلئے سیاست کرتی ہیں،بلوچستان کے لوگ میرے دل کے قریب ہیں پیپلزپارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے تمام اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ظہرانے میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، صوبائی وزیرداخلہ میر ضیا اللہ لانگو، صوبائی وزیر  سردار عبدالرحمان کھیتران ، راحیلہ حمید درانی،اسفندیار کاکڑ، ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی غزالہ گولہ، بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، حاجی میر علی مدد جتک ،جمعیت علمائے اسلام کے فضل قادر مندوخیل، عوامی نیشنل پارٹی کے ملک نعیم بازئی ،بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی کے رحمت صالح بلوچ اور جماعت اسلامی کے عبدالمجید بادینی ،آزاد رکن اسمبلی مولوی نوراللہ سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔

پا کستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور بلوچستان کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔