وزیراعظم کا دورہ تاجکستان و قازقستان انتہائی کامیاب رہا ، پاکستانی وفد کو بڑی پذیرائی ملی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا پریس کانفرنس سے خطاب

13

اسلام آباد، 5 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے جمعے  کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان اور قازقستان انتہائی کامیاب رہا اور پاکستانی وفد کو بڑی پذیرائی ملی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے عوام تجارت اور سرمایہ کاری سے مستفید ہو سکتے ہیں،  دورے کے دوران کراچی پورٹ کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو ہوئی، لینڈ روٹس، ریل روٹس کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ قازقستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات ہوئی، روسی صدر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترکی، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں علاقائی امن و استحکام پر گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے بھرپور طریقے سے پاکستان کی نمائندگی کی اسکے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی بیلاروس اور ازبکستان کے صدور کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی تجارت میں اضافے اور کاروباری طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا واضح اور دوٹوک موقف پیش کیا اور اسلامو فوبیا اور افغانستان کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اہم اقدام ہے، وزیراعظم کی حکمت عملی سے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن پر حکومت پاکستان کا ایک روپیہ خرچ نہیں ہوا، ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن نے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے اخراجات برداشت کئے ہیں۔

عطا تارڑ نے بتایا گزشتہ چند دنوں میں بدعنوانی کے چارجز پر ایف بی آر کے متعدد افسران کو او ایس ڈی بنایا گیاجبکہ وزیراعظم نے اچھے افسران کو بلا کر انہیں ایوارڈ اور کیش پرائز سے بھی نوازا تھا۔ اسکے علاوہ  روپے کا مستحکم ہونا، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہونا، تجارتی خسارے کا کم ہونا، آئی ٹی برآمدات کا بڑھنا یہ تمام مستحکم معیشت کی طرف نشاندہی کرتے ہیں۔