وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

15

اسلام آباد، جولائی 7 (اے پی پی): آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے  اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کےلئے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سینئر وزراء سمیت اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آزادکشمیر کے دس اضلاع میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوس منعقد ہونگے جن میں سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

 محرم الحرام کے دوران ہر ضلع میں سکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے گا جبکہ ریاست بھر  میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کےلئے خصوصی دستے بھی تعینات کئے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس کی موٹر انداز میں مانیٹرنگ کے لیے سی پی او میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

کنٹرول روم  میں تمام قانون نافذ کرنےوالے اور سکیورٹی اداروں کے نمائندے ہمہ وقت موجود ہونگے۔ اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ حساس اضلاع/ مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ اسلحہ کی نمائش ، ڈبل سواری، نفرت انگیز وال چاکنگ پر پابندی عائد ہوگی۔ منفی پروپیگنڈہ کی روک تھام کے سلسلے میں سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کےلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا سب سے اہم ترجیح ہے، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے لئے تمام تر درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں۔ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور منتخب عوامی نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر   نے شدید گرمی کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں میں مناسب مقامات پر ٹینٹس لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مجالس اور جلوس والے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے  حکام کو آن بورڈ کیا جائے۔