کمشنر ساہیوال کی شہر میں موجود خطرناک عمارتوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت

33

ساہیوال، 08 جولائی( اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں موجود خطرناک عمارتوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کر دی۔ مون سون بارشوں کے سبب ان عمارتوں میں رہائش انسانی جانوں کے لئے نہایت خطرناک ہے، مالکان ازخود ان عمارتوں کو خالی کریں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

انہوں نے کارپوریشن کے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ ان خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو ترجیحی بنیادوں پر وہاں سے منتقل کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ کی ڈرین کی صفائی کے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ کمرشل ایریا کے سیوریج مسائل حل ہوں۔ میونسپل آفیسر ذوالفقار شاہ نے بتایا کہ جوگی چوک سے کالج چوک براستہ مال منڈی چوک کی ڈرین کی صفائی 70فیصد مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی کام بھی چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ کمشنر نے قصر بتول سے ملحقہ گلیوں میں پختہ تجاوزات پر ناراضگی کا اظہار کیااور انہیں فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ کارپوریشن نے جولائی کے پہلے 7 دنوں کے دوران کنورژن فیس اور بلڈنگ فیس کی مد میں 16لاکھ29ہزار روپے اور اڈا ریکوری فیس کی مد میں 4لاکھ47ہزار روپے جمع کئے جا چکے ہیں جن میں بیرون لاری اڈے سے3لاکھ27ہزار 7سو روپے اور ریلوے روڈ اڈے سے ایک لاکھ19ہزار 3سو روپے ہیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔