اسلام آباد، 09جولائی ( اے پی پی): وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خاندانی منصوبہ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ محدود وسائل کی وجہ سے بھی ہچوں کی بہتر پرورش اور تربیت نہیں کر پاتا،ان سارے مسائل کے حل کےلئے ہمیں خاندانی منصوبہ بندی کی طرف جانا نا گزیر ہے۔
منگل کو یہاں “فن پرورش” کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چائلڈ لیبر بھی بہت بڑا مسئلہ ہے، والدین کے لئے فن پرورش کے معاملے پر حکومت اور سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی پرورش ہر گھر کا مسئلہ ہے، غربت افلاس بہت بڑا مسئلہ ہے ،ہمیں لوگوں میں شعور پیدا کرنا ہوگا کہ بچوں کی اچھی تربیت کے لیے انہیں خود بھی سوچنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کو خوشحال پاکستان دینے کے لئے تمام مسائل کے حل کے لئے ہم سب کو کھل کر بات کرنی ہوگی۔