اسلام آباد،9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں 200 یونٹس تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے 50 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے سے اڑھائی کروڑ گھریلو صارفین کو جولائی، اگست اور ستمبر میں چار روپے سے سات روپے فی یونٹ فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں یقیناً ٹیکس لگے ہیں مگر امراء اور اشرافیہ کو بھی ٹیکس کے دائرہ میں لایا گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ اشرافیہ اور صاحب حیثیت افراد بھی ملک کیلئے قربانی دے، ان شاءاللہ حالات بدلیں گے۔
گزشتہ دور حکومت کی کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کس طرح دروغ گوئی سے قوم کو گمراہ کیا گیا مگر 2023-2022 میں میاں نواز شریف کی قیادت میں اور اتحادی جماعتوں کے تمام سربراہوں کے ساتھ مل کر ہم نے ریاست کو بچایا اور سیاست کو داؤ پر لگایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور بلوچستان حکومت نے مل کر ان 28 ہزار ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس پر 55 ارب روپے خرچ ہوں گے، شمسی توانائی سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور اس کی لاگت میں بھی کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہی ماڈل ہم ملک کے دیگر صوبوں میں بھی اپنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مختلف شعبوں میں ترقی کی بڑی گنجائش ہے،بد قسمتی ہے کہ ہم ان وسائل سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، تاخیر کیئے بغیر آج ہی فیصلہ کر لیں تو فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اسکے علاوہ کرپشن کے بڑے بڑے سوراخ بند کر کے قوم کے اربوں ، کھربوں واپس لا کر ایمانداری کے ساتھ انہیں خرچ کریں تو بہتری آئے گی اور پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔