پشاور، 9جولائی(اے پی پی): پشاور میں 2 محرم الحرام شبیہ علم و ماتم داری کا مرکزی جلوس امام بارگاہ باوا فضل حسین سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے اور ماتمدار امام حسین اور ان کے رفقاء کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، جلوس امام بارگاہ آغا سید مصطفی شاہ رضوی، محلہ خداداد میں اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے مقررہ راستوں پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکوڈ کے اہلکار بھی موجود ہیں۔ جلوس کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی گئی ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ جلوس کے راستہ میں عزاداروں کے لئے سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور ریسکیو 1122 کی جانب سے جلوس کے لئے خصوصی ٹیمیں موجود ہیں۔