اسلام آباد،10 جولائی (اے پی پی): پاکستان ریسرچ سینٹر فار کمیونٹی ود شیرڈ فیوچر(PRCCSF) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے سی پیک کے ذریعے چائنہ اور سینٹرل ایشیاء کے ساتھ روابط قائم ہونے اور اس کے فوائد پر آگاہی کی ضرورت ہے، تاکہ نوجوان نسل اس بات سے آگاہ رہیں کہ آنے والے دنوں میں سی پیک کس طرح ابھرے گا۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے خالد تیمور اکرم نے کہا کہ آج نوجوان نسل کو پتہ ہونا چاہیے کہ سی پیک سے کس طرح فائدہ اٹھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ چائینہ کے صدر شی جن پنگ کے وژن کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ کے زریعے منسلک ممالک آپس میں مل جل کر کام کریں اور خطے کا امن برقرار رہے۔
خالد تیمور اکرم نے کہا کہ چین کے صدر کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شامل ہر کمیونٹی کے فائدہ کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے فیز میں آئندہ دنوں میں ہوٹل اور ریسٹورنٹ انڈسٹری، ٹرانسپورٹ انڈسٹری بڑھے گی اور پاکستان ایک ٹرانزٹ حب کی صورت اختیار کرے گا۔