مظفرآباد، 11جولائی (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریجنل ٹرانسپور اتھارٹیز اور موٹر وہیکلز ایگزامینرکو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے 72 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دی گئی، ٹریفک حادثات میں گاڑیوں کے پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے والے ذمہ داران اور مجرمانہ غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی فٹنس کو مکمل طور پر چیک کیا جائے اور ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کویقینی بنایا جائے، آزادکشمیر میں حادثات کی روک تھام کے لئے جامع پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔